نئی دہلی،27؍اپریل (ایس او نیوز؍یو این آئی) کانگریس نے مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر کارروائی کرنے کے معاملے میں الیکشن کمیشن پر دوہرا رویہ اپنانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نریندرمودی اور بی جے پی کے صدر امت شاہ مسلسل مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کر رہے ہیں لیکن کمیشن بار بار شکایت کیے جانے کے باوجود خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔
سپریم کورٹ کے سینیئر وکیل اور کانگریس کے ترجمان ابھیشیک منو سنگھوی نے پارٹی کے ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس میں کہا کہ پارٹی نے نریندر مودی، امت شاہ اور دیگر رہنماؤں کے خلاف مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی 20 سے زائد شکایتیں درج کروائی ہیں۔ ہر بار کمیشن نے ان کی شکایتوں پر ضروری کاروائی کرنے کی محض یقین دہانی کرائی لیکن الیکشن پورا ہونے والا ہے اور اب تک یقین دہانیوں پر عمل درآمد نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ مودی اور شاہ بار بار فوج کی بہادری کا استعمال اپنی کامیابی کے طور پر کر رہے ہیں۔ فوج اور نیم فوجی دستوں کی قابل فخر کارناموں کے سہارے ووٹ مانگنے کا گھٹیا کام کر رہے ہیں۔ کمیشن نے اس طرح کی سرگرمیوں پر پابندی عائد کی ہوئی ہے لیکن جب مودی اور شاہ کا معاملہ آتا ہے تو کمیشن دوہرا رویہ اختیار کرتا ہے اور ان کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی جاتی۔
ترجمان نے کہا کہ کمیشن سے اس تعلق سے کئی بار شکایتیں کی گئی ہیں لیکن وہ کوئی فیصلہ نہیں کر رہا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ کمیشن ان بڑے لیڈروں کو مثالی ضابطہ اخلاق کی اس طرح کی خلاف ورزی کرنے پر شہ دے رہا ہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ اب الیکشن ختم ہونے والا ہے لیکن کانگریس کے رہنماؤں کے وفد کی شکایتوں پر کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کمیشن سے یہ بھی پوچھا کہ کیا وزیر اعظم اور بی جے پی صدر کے لیے اور دوسرے لوگوں کے لیےالگ الگ قانون ہیں۔